علیگڑھ: دسواں انٹرنیشل یوگا ڈے تقریب کا اہتمام علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے صحن میں منعقد کیا گیا۔ جس میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے طلباء، اساتذہ، غیر تدریسی عملے کے اراکین اور دیگر افراد کے ساتھ یوگ سیشن میں شرکت کی۔
45 منٹ کے یوگ سیشن کی رہنمائی شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر سید طارق مرتضیٰ کی نگرانی میں شعبہ کی تین رکنی ٹیم نے کی۔ یوگ سیشن صبح 7 بجے شروع ہوا، کیونکہ اے ایم یو ملک کے ان چنندہ اداروں میں سے ایک ہے جہاں وزیر اعظم کی قیادت میں شروع ہونے والے یوگ سیشن کے وقت پر ہی وزارت آیوش، حکومت ہند کے رہنما خطوط کے مطابق تقریب کا آغاز ہوتا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس موقع پر اے ایم یو میں ”اکھنڈ یوگ کاریہ شالہ 3.0“ کے آغاز کا اعلان کیا اور پروگرام کے شرکاء کو اعزاز سے بھی نوازا۔ اے ایم یو میں اکھنڈ یوگ کاریہ شالہ کی یہ تیسری قسط ہے جو آئندہ سال گیارہویں بین الاقوامی یوم یوگ پر تکمیل کو پہنچے گی۔
اس سال کے انٹرنیشل یوگا ڈے کے تھیم کا ذکر کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے انفرادی صحت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں یوگ کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ یوگ کو صحت مندی اور روحانی و جذباتی سکون کے لیے اپنے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنائیں۔
پروفیسر خاتون نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی روز اوّل سے بین الاقوامی یوم یوگ کا اہتمام کر رہی ہے۔ سماج کے ہر فرد کو صحت مند جسم اور دماغ کے لیے یوگ کی مشق کرنی چاہیے۔ یوگ جسمانی، دماغی و جذباتی صحت کے لیے عمدہ ترین مشق ہے۔
انہوں نے اے ایم یو میں بغیر کسی وقفے کے لگاتار 732 دنوں تک یوگ سیشن (اکھنڈ یوگ کاریہ شالہ) کے انعقاد اور یوگ کے فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے چیئرمین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔