لکھنؤ: اترپردیش میں 9 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں انڈیا اتحاد کے سبھی امیدوار سماج وادی پارٹی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ اکھلیش یادو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر اس کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ 'یہ سیٹ جیتنے کی بات نہیں ہے۔' اس حکمت عملی کے تحت 'انڈیا الائنس' کے مشترکہ امیدوار سماج وادی پارٹی کے نشان 'سائیکل' پر تمام 9 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے۔
ایس پی سربراہ نے مزید لکھا کہ ''کانگریس اور سماج وادی پارٹی ایک ہیں اور ایک بڑی جیت کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ انڈیا اتحاد اس ضمنی انتخاب میں جیت کا نیا باب لکھنے جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے لے کر بوتھ سطح کے کارکنوں تک سبھی کے ساتھ آنے سے سماج وادی پارٹی کی طاقت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ اس بے مثال تعاون اور حمایت سے 'انڈیا الائنس' کا ہر کارکن تمام 9 اسمبلی سیٹوں پر جیتنے کا عہد لے کر نئی توانائی سے بھر گیا ہے۔ یہ ملک کے آئین، ہم آہنگی اور پی ڈی اے کا وقار بچانے کا الیکشن ہے۔ اسی لیے ہماری اپیل ہے کہ ایک ووٹ بھی کم نہ ہو، ایک ووٹ بھی تقسیم نہ ہو۔ ملک کے مفاد میں 'انڈیا الائنس' کا یہ اتحاد اور یکجہتی آج اور کل بھی نئی تاریخ لکھے گا۔''
تاہم، اس سے قبل کانگریس کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ کانگریس ضمنی انتخابات میں دو اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی۔ اس میں علی گڑھ کی کھیر اسمبلی سیٹ اور غازی آباد اسمبلی سیٹ شامل ہے۔ اس کے بعد بدھ کو اکھلیش یادو نے اس حوالے سے صورت حال کو پوری طرح واضح کر دیا۔ انہوں نے تمام 9 اسمبلی سیٹوں پر سائیکل کے نشان پر ہی الیکشن لڑنے کی بات کہی۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے بھی خطاب کیا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ 13 نومبر کو ہے۔ کاغذات نامزدگی 25 اکتوبر تک بھرے جاسکتے ہیں۔ الیکشن کے نتائج 23 نومبر کو آئیں گے۔ ریاست کی نو اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ ان میں پھول پور، غازی آباد، مجھواں، کھیر، میرا پور، سیساماؤ، کٹہری، کرہل اور کندرکی اسمبلی سیٹیں شامل ہیں۔