اردو

urdu

ETV Bharat / state

یوگی کی پہلی کابینہ توسیع میں 4 نئے وزراء نے حلف لیا - اترپردیش کابینہ میں توسیع

UP cabinet expansion یوگی حکومت کی پہلی کابینی توسیع میں 4 نئے وزراء کو شامل کیا گیا۔ گورنر آنندی بین پٹیل نے راج بھون کے گاندھی آڈیٹوریم میں منعقد حلف برداری تقریب میں نئے وزراء کو حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ، برجیش پاٹھک اور دیگر وزراء موجود تھے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 5, 2024, 6:54 PM IST

لکھنؤ: ایک طویل انتظار کے بعد یوگی کی قیادت والی یوپی حکومت کی پہلی کابینی توسیع میں 4نئے وزراء نے منگل کو حلف لیا۔ گورنر آنندی بین پٹیل نے راج بھون کے گاندھی آڈیٹوریم میں منعقد حلف برداری تقریب میں نئے وزراء کو حلف دلایا۔اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ، برجیش پاٹھک اور دیگر وزراء موجود تھے۔ یوگی کابینہ میں شامل کئے گئے نئے چہروں میں سہیل دیو سماج پارٹی(ایس بی ایس پی) سربراہ و ظہورآباد سیٹ سے ایم ایل اے اوم پرکاش راج بھر، بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)ایم ایل سی دارا سنگھ چوہان، راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) ایم ایل اے انل کمار اور بی جے پی ایم ایل اے سنیل شرما شامل ہیں۔


ایس بی ایس پی سربراہ اوم پرکاش راج بھر یوگی کے پہلے میعاد کار میں کابینہ کا حصہ رہ چکے ہیں۔ سال 2022 کے انتخابات میں راج بھر نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کر کے سماج وادی پارٹی(ایس پی) سے اتحاد کرلیا تھا۔ سال2022 اسمبلی انتخابات کےبعد انہوں نے ایس پی سربراہ سے اختلاف کے بعد دوبارہ این ڈی اے میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔اسی وقت سے ان کے وزیر بنائے جانے کی قیاس آرائیاں تھیں۔ اسی طرح سے دارا سنگھ چوہان نے گھوسی اسمبلی سیٹ سے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ اور جیت درج کی تھی۔اس کے کچھ دنوں بعد انہوں نے یوپی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دےد یا تھا۔ اور دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔


داراسنگھ کے استعفی کے بعد خالی ہوئی سیٹ پر ضمنی الیکشن میں دارا سنگھ بی جے پی کے امیدوار تھے لیکن انہیں ایس پی امیدوار سے شسکت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جس کے بعد منعقد ہوئے ایم ایل اے الیکشن میں دارا سنگھ نے بی جے پی کی طرف سے جیت درج کی اور ایم ایل سی ہوگئے۔ کابینی وزیر کے طور پر حلف لینے والے انل کمار آر ایل ڈی کے تین بار کے ایم ایل اے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری کا ایس پی سے اتحاد تھا لیکن حال ہی میں انہوں نے ایس پی سے اپنا اتحاد ختم کر کے این ڈی اے میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ اور آج ان کی پارٹی سے ایک ایم ایل اے کو بی جے پی حکومت میں وزیر بنایا گیا ہے۔


انل کمار کو جینت چودھری کا کافی معتبر اور قریبی تصور کیا جاتا ہے۔ غازی آباد سیٹ سے بی جے پی ایم ایل اے سنیل شرما وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے قریبی تصور کئے جاتے ہیں۔شرما تین بارسے ایم ایل اے ہیں۔


یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details