لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ اتر پردیش اسمبلی کے ضمنی انتخابات بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو ماننے والوں اور "بابا" (وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو اشارہ کرتے ہوئے)کو ماننے والوں کے درمیان ہو رہا ہے۔
اکھلیش یادو نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ "یہ لڑائی بابا صاحب کو ماننے والوں اور بابا کو ماننے والوں کے درمیان ہے۔ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو آئین بناتے اور اس کی حفاظت کرتے ہیں۔ دوسری طرف وہ ہیں جو اسے تباہ کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "اب تک آئین نے پی ڈی اے کو تحفظ فراہم کیا ہے، اب پی ڈی اے آئین کا تحفظ کرے گی! اتحاد کا اعلان کریں۔ جئے سمودھان، جئے پی ڈی اے!‘‘ لوک سبھا انتخابات سے قبل ایس پی سربراہ نے پی ڈی اے کا نعرہ تیار کیا تھا - پچھڑے، دلت، الپسنکھیک (پسماندہ، دلت اور اقلیت)۔
غور طلب ہے کہ اتر پردیش میں، 20 نومبر کو نو اسمبلی سیٹوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ کٹہری (امبیڈکر نگر)، کرہل (مین پوری)، میراپور (مظفر نگر)، غازی آباد، ماجھوان (مرزا پور)، سیسماؤ (کانپور سٹی)، خیر (علی گڑھ)، پھول پور (پریاگ راج) اور کنڈارکی (مرادآباد)۔