لکھنو : جامعہ اہلسنت نورالعلوم عتیقیہ مہراج گنج ترائی بلرام پور میں آج دو طلبا کے قرآن کریم مکمل کرنے پر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں 18 سالہ عظمت اللہ نے صرف بیس مہینے میں حفظ قران کیا ہے اور محمد ظہیر نے صرف 2 برس میں حفظ قران مکمل کیا ہے۔ تقریب کی صدارت مولانا ضمیر احمد لطیفی پرنسپل مدرسہ نے کی۔ قاری نورالدین رضوی نے تلاوت کلام اللہ سے آغاز محفل کیا اور نظامت کے فرائض الحاج قاری ساجدعلی اشرفی نے انجام دیا۔
اس موقع پر دونوں طالب علموں کے اہل خانہ سمیت رشتہ دار عزیز و اقارب اساتذہ طلبہ نے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب میں مولانامحب الرسول نے طلبا اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب مسلم بچہ قرآن مجید کو حفظ کرنا شروع کرتا ہے تو وہ اپنے دل کی عمیق گہرائیوں میں توفیق الٰہی اور سعادت عظیم کا سرور سرایت کرتے ہوئے محسوس کرتا ہے۔ یہ وہ نورانی سعادت ہے جس کے مد مقابل تمام لطف و کرم اور سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں۔ حافظ قرآن پر رب کریم کے تعلق کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے اور اُس کا اپنے مولیٰ کے ساتھ خصوصی ربط قائم ہو جاتا ہے۔ اﷲ عز و جل کی مدد و نصرت حافظ قرآن کے شامل حال کردی جاتی ہے، اﷲ جل شانہ کے جود و کرم، انوار و تجلیات اور ایک خاص روحانی برق کا نزول حافظ قرآن پر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر نازل فرماتے تو (اے مخاطب!) تو اسے دیکھتا کہ وہ اللہ کے خوف سے جھک جاتا، پھٹ کر پاش پاش ہو جاتا، اور یہ مثالیں ہم لوگوں کے لیے بیان کر رہے ہیں تاکہ وہ غور و فکر کریں۔‘‘)جلالت قرآن یہ ہے کہ اس کی عظمت وشوکت پہاڑ بھی برداشت نہیں کرسکتے۔