مظفرنگر:ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں جامعہ اسلامیہ انوار العلوم موضع بہاری کا دو روزہ سالانہ اجلاس اختتام پزیر ہوگیا۔ اجلاس کی صدارت مفتی محمد عفان منصور پوری نے کی۔نظامت کے فرائض قاری سہیل اختر رحیمی و قاری آس محمد نے مشترکہ طور پرانجام دیے۔اس موقع پر چھ حفاظ کرام کی دستاربندی کی گئی۔
مفتی محمد عفان منصورپوری نے کہا کہ مدارس اسلامیہ اور مکاتب دینیہ سے تمام مسلمانوں کو حقیقی وابستگی کرنی چاہیے۔ اس لئے کہ مدارس سے ہمارے ایمان محفوظ ہیں۔ جب تک ہمارا تعلق مدارس اسلامیہ سے ہوگا ہم کامیاب اور کامران ہوں گے ۔جس دن ہمارا تعلق مدارس اسلامیہ سے ختم ہو جائے گا اس وقت ہم بڑے خسارے میں چلے جائیں گے۔
مفتی بنیامین قاسمی صدر جمعیت علماء ضلع مظفرنگر اور مولانا نذر محمد قاسمی نے قرآن مجید کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ہی خوش نصیب ہیں وہ والدین جو اپنے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم سے سرفراز کرتے ہیں۔اپنے اہل و عیال کی زندگی کو سنوارتے ہیں۔ اللہ ان کو دنیا و آخرت بڑے انعامات سے سرفراز فرمائے گا۔