مظفر نگر:جمعیۃ علماء ہند ضلع مظفر نگر کی تمام مقامی یونٹوں کی ایک خصوصی میٹنگ امبا وہار واقع مدرسہ چراغیہ محمد میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت مولانا مکرم علی قاسمی ضلع صدر اور نظامت ضلع جنرل سیکرٹری مولانا عبدالخالق قاسمی نے کی۔ نیز میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ میٹنگ میں 3 نومبر کو دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں ہونے والی جمعیۃ علماء ہند کی تحفظ آئین و جمہوریت کانفرنس میں جانے کی تیاریوں پر غور و خوض کیا گیا۔
ضلع صدر مولانا مکرم علی نے کہا کہ آج ملک میں فرقہ واریت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ناموس رسالت پر توہین آمیز تبصرے کر کے سیاسی فائدے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ماحول خراب کرنے والوں پر این ایس اے لگنا چاہیے۔
میٹنگ میں مقررین نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ملک میں فرقہ پرستی کی سختی سے مخالفت کی ہے، آج بھی یہ تنظیم ملک میں سماجی اصلاح کے پروگراموں کے ساتھ ساتھ بھائی چارے کے لیے مختلف پروگرام چلاتی ہے۔ مقررین نے حکومت کی طرف سے لائے گئے وقف بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وقف املاک کو تباہ کرنا چاہتی ہے جو کہ قابل قبول نہیں۔ تمام عہدیداروں نے دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم جانے کا منصوبہ بنایا اور سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ ہزاروں لوگوں کو دہلی جانے کے لیے ترتیب بنائی گئی۔