اردو

urdu

سنی دعوت اسلامی گلبرگہ کے اجتماع میں ہزاروں افراد نے شرکت کی

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 7, 2024, 2:47 PM IST

Sunni Dawat e Islami Congregation in Gulbarga: گلبرگہ شہر میں سنی دعوت اسلامی کے سنی اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اجتماع میں دارالعلوم رضائے مصطفیٰ کے چھ طلبائے کرام نے کنڑا، عربی، اردو، انگریزی، فارسی اور تیلگو زبانوں میں تقاریر پیش کرکے سامعین کو مستفید کیا۔

Thousands of people participated in the gathering of Sunni Dawat e Islami Gulbarga
Thousands of people participated in the gathering of Sunni Dawat e Islami Gulbarga

سنی دعوت اسلامی گلبرگہ کے اجتماع میں ہزاروں افراد نے شرکت کی

گلبرگہ:ریاست کرناٹک گلبرگہ شہر کے وادی بندہ نواز رنگ روڈ میں سنی دعوتِ اسلامی کے 30ویں سالانہ 2 روزہ عظیم الشان اجتماع کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقعے پر حافظ و قاری اعجاز احمد رضوی (خطیب و امام: مسجدِ نجمہ) نے تلاوتِ قرآنِ مجید اور مولانا الطاف حسین صابری مصباحی (مدرس: مدرسہ امّ الخیر للبنات) نے ترجمۂ قرآن پیش کیا۔ ابتداءاً حافظ کلیم (مبلغ سنی دعوتِ اسلامی) نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔
دارالعلوم رضائے مصطفیٰ کے چھ طلباء نے کنڑا، عربی، اردو، انگریزی، فارسی اور تیلگو زبانوں میں تقاریر پیش کیں۔ اس موقعے پر ادیبِ شہر، فخرِ صحافت علامہ مولانا مبارک حسین مصباحی قبلہ (مدیر ماہ نامہ اشرفیہ و استاذ جامعہ اشرفیہ، مبارک پور) نے اپنے خطاب میں پیغمبر اسلام صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بے پناہ قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے لوگوں کو شریعت مطہرہ پر پابندی سے عمل کرنے کی ترغیب دلائی۔

یہ بھی پڑھیں:

سنی دعوت اسلامی شاخ گلبرگہ میں سالانہ سنی کانفرنس کا انعقاد


بلبلِ باغِ مدینہ الحاج قاری محمّد رضوان خان قبلہ (نائب امیر سنی دعوتِ اسلامی، ممبئی) اپنے مخصوص لب و لہجے میں نعتِ رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وسلم پیش کرتے ہوئے مجلسی، اصلاحی اور سنجیدہ گفتگو فرمائی۔ جس میں روزمرہ کی ضروریاتِ زندگی سنت طریقے پر گزارنے کا پیغام دیا۔ بعد نمازِ عصر سراج الفقہاء، محققِ مسائل جدیدہ علامہ مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی قبلہ (صدر شعبۂ افتاء و سابق صدرالمدرّسین: جامعہ اشرفیہ، مبارک پور) کے ساتھ بلبل باغِ مدینہ نے دینی و شرعی مسائل کے حوالے سے سوال و جواب کا سیشن شروع کیا۔ جس میں مفتی نے حج، عمرہ، بینک کے لون، ویژہ، عقیقہ، تہنیک، خرید و فروخت، میت کے کھانے، بچے کے کان میں اذان دینے وغیرہ کے سلسلے میں مفید راہ نمائی فرمائی۔

نمازِ مغرب کے بعد مولانا محمد جاوید اختر مصباحی قبلہ (مدرس و ناظمِ اعلیٰ: دارالعلوم رضائے مصطفیٰ، گلبرگہ شریف) نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جس شخص نے دینِ اسلام کے علاوہ کسی اور طریقے کو اختیار کیا تو وہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور وہ آخرت میں خسارہ اٹھائے گا۔ لاکھوں نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن، آلِ رسول، شہزادۂ غوثِ اعظم مولانا سید محمد امین القادری (نگراں سنی دعوتِ اسلامی، مالیگاؤں) نے شبِ معراج میں جہنمیوں پر ہونے والے عذابوں کا ذکر کرتے ہوئے پُر جوش اور دلوں کو جھنجھوڑنے والا خطاب پیش فرمایا۔
دارالعلوم رضائے مصطفیٰ کے شعبۂ عالمیت سے فارغ التحصیل 4 طلباے کرام (1) مولانا غلام دستگیر نوری، (2) مولانا حافظ محمد محبوب، (3) مولانا رضوان علی انعامدار اور (4) مولانا اجمیر احمد کو عالمیت اور شعبۂ حفظ سے فارغ التحصیل 8 حفاظِ کرام (1) حافظ محمد انس، (2) حافظ محمد حسن، (3) حافظ محمد سلیم، (4) حافظ محمد فریاد حسین، (5) حافظ محمد رضاءالحق، (6) حافظ محمد حسین، (7) حافظ محمد حذیفہ اور (8) حافظ محمد نعمان کی سند عطا کی گئی۔
اجتماع کے دوسرے اور آخری دن کے مہمان خطیب داعیِ کبیر، حضور مفتیِ اعظمِ ہند، مصلّیِ خانۂ کعبہ، وقارِ اہلِ سنت علامہ مولانا حافظ و قاری محمد شاکر علی نوری برکاتی قبلہ (عالمی امیر سنی دعوتِ اسلامی، ممبئی) نے “بدلتے عالمی حالات میں ہماری ذمّہ داریاں” جیسے انتہائی حسّاس عنوان پر قوم سے خطاب فرمایا۔ اخیر میں اجتماعی ذکر و اذکار، داعیِ کبیر کی رقت انگیز دعاؤں اور صلوٰۃ و سلام کے ساتھ دو روزہ تیسواں سالانہ سنی اجتماع کا اختتام ہوا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details