علی گڑھ: نیٹ کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں خوشیوں کا ماحول ہے۔ تھانہ سول لائن کے علاقے عالم باغ گلی نمبر پانچ کے رہائشی ایک درزی عرفان خان کی بیٹی الفیہ عرفان خان نے نیٹ میں 691 نمبر حاصل کرکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ الفیہ نے تنگدستی کے حالات میں پڑھائی کر کے والدین کو خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ الفیہ خان کے والد پیشہ سے درزی ہیں۔ معاشی حالات بھی بہتر نہیں ہیں ایسے میں الفیہ خان کی کامیابی سے پورے خاندان میں خوشی کا ماحول ہے۔
غور طلب ہے کہ مہنگائی اور کمپٹیشن کے اس دور میں ایک چھوٹے سے درزی نے اپنی بیٹی کی اس کامیابی کے لئے کتنی پریشانیوں اور مشکلات کا سامنا کیا ہوگا اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ناصرف ان کی دوکان بلکہ مکان بھی کرائے کا ہی ہے اور وہ واحد کمانے والے ہیں۔ عالم یہ ہے کہ ان کا کاروبار بھی ان کو دوکان میں کسی اور کاریگر کو رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اسی لئے وہ کرائے کی اس چھوٹی سی دوکان میں سلائی کے تمام کام اکیلے ہی کرکے بچوں کی تعلیم اور گھریلو اخراجات کسی نہ کسی طرح چلا رہے ہیں۔
الفیہ نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ میں ایک کامیاب ماہر امراض قلب بننا چاہتی ہوں، جس کے لئے میں رات دن محنت کررہی ہوں اور میرے والدین بھی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ الفیہ نے مزید بتایا کہ میں ان دنوں کو کھبی نہیں بھول سکتی، جب میرے والد مجھے ای رکشے میں بٹھا کر خود اس عمر میں پھولتی سانسوں کے ساتھ سائکل سے رکشہ کے پھیچے پیچھے کوچنگ چھوڑنے جایا کرتے تھے۔
الفیہ کے والد عرفان خان نے اپنی بیٹی کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے تنگدست حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ آج کے دور میں تعلیم بہت ضروری ہے۔ اسی لئے میں بھی اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیے جتنی محنت کر سکتا ہوں کرتا ہوں، حالانکہ میں ایک چھوٹا درزی ہوں میری کرائے کی دوکان ہمدرد نگر میں ہے، جہاں میں درزی کے سارے کام اکیلا ہی کرتا ہوں اور میرا گھر بھی کرائے کا ہے۔ دو لڑکے اور دو لڑکی ہیں سب کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے میں درزی کا کام کرتا ہوں اور کبھی سلائی کے لئے کپڑے نہیں آتے تو میں سبزی اور پھل بھی بیچتا ہوں۔