ورنگل: تلنگانہ کے ورنگل سے ایک بڑی ڈکیتی کی خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں پیر کی آدھی رات کو لٹیروں نے ضلع کے رائے پرتھی منڈل میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی برانچ سے تقریباً 19 کلو گرام سونے کے زیورات لوٹ لیے جن کی قیمت 14.94 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ لٹیروں نے بینک کے سیکیورٹی لاکرز کو نشانہ بنا کر تقریباً 500 صارفین کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔
معلومات کے مطابق جس وقت چوروں نے ڈکیتی کی اس وقت بینک کا سیکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھا۔ لٹیروں نے پہلے الارم کی تاریں کاٹیں اور پھر کھڑکی میں لگی لوہے کی گرل کو کاٹ دیا۔ اس کے بعد وہ بینک میں داخل ہوئے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تاریں کاٹ کر اس کی ہارڈ ڈسک بھی ساتھ لے گئے۔ چوروں نے گیس کٹر کی مدد سے بینک کے تین لاکرز کو توڑا اور ان میں رکھے ہوئے سونے کے زیورات کے تقریباً 497 پیکٹ لوٹ لئے۔ جلد بازی میں یہ لوگ موقع پر ہی گیس کٹر چھوڑ کر چلے گئے۔