اجمیر: ملک میں این ڈی اے حکومت کے سامنے مضبوط اپوزیشن جماعتوں کو عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں مسلمانوں پر ظلم اور ہجومی تشدد کا سلسلہ اب بھی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے یہ باتیں اجمیر شریف درگاہ کے گدی نشین سید سرور چشتی نے کہی ۔
ہجومی تشدد اور مسلمانوں پر جاری حملے کے حوالے سےراہل گاندھی اور اکھلیش یادو پر تنقید (etv bharat) سرور چشتی نے راہل گاندھی اور اکھلیش پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 جون کے بعد سے ان دونوں لیڈروں نے مسلمانوں پر ہونے والے ہجومی تشدد اور ظلم پر ابھی تک کیوں نہیں کچھ کہا۔ ملک کے آئین کو بچانے کے لیے اقلیتوں نے بہت سنجیدگی سے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے۔ مختلف پارٹیوں پر مبنی انڈیا اتحاد کو بھاری تعداد میں ووٹ دیا گیا ہے۔
سرور چشتی نے مزید کہا کہ لیکن راہل گاندھی اور اکھلیش یادو ہجومی تشدد پر خاموش کیوں ہیں؟ اب ایسے حالات میں ایسا لگتا ہے کہ ہمیں اپنے اعمال اور صفوں کو درست کرنا ہوگا اور صوفی درگاہ خانقاہ کے ذمہ داران اور 24 مسلم ارکان پارلیمنٹ اور ملک بھر کے مسلم قائدین کو ایک ساتھ بیٹھ کر ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:بی جے پی، مودی اور آر ایس ایس پورا ہندو سماج نہیں ہے: راہل گاندھی
قابل ذکر ہے کہ سرور چشتی ہمیشہ ملک کے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ ایسے میں ان کا نشانہ ہمیشہ سے بی جے پی، آر ایس ایس، مودی، یوگی رہے ہیں، لیکن اب اقلیتوں پر مظالم پر ان کا غصہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی پر نکل آیا ہے۔