ممبئی:15000 کروڑ کے مہا دیو بیٹنگ ایپ معاملہ میں ساحل خان کو کرائم برانچ نے کورٹ میں پیش کیا، جہاں کورٹ نے خان کو ایک دن کے لیے پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ کرائم برانچ نے کورٹ کے سامنے 15000 کروڑ کے اس بیٹنگ ایپ کو لےکر مسلسل محنت کرنے کی بات کر رہی ہے۔ لیکن ساحل خان نے بیٹنگ ایپ کے ذریعہ ویب رقم کہاں منتقل کی ہے؟ وہ اس بات کا پتا لگانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ لیکن اب تک کی تفتیش میں اس رقم کے بارے میں ساحل خان نے خاموشی اختیار کی ہے۔ ہم نے ساحل خان سے کرائم برانچ کی جانچ میں تعاون نہ کرنے پر کئی سوال کیے لیکن اُنہوں نے کسی بھی سوال کا جواب دینے کے بجائے خاموشی اختیار کی۔
کرائم برانچ کو اس بات کا شک ہے کہ ساحل خان نے بیٹنگ ایپ سے حاصل کی گئی رقم کو بیرون ممالک میں منتقل کر دیا ہے۔ لیکن کہاں کیا ہے اس بارے میں بھی اُنہیں کوئی جانکاری یا کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے۔ حالانکہ گزشتہ برس ساحل خان نے الومینیٹی سے اپنی وابستگی کا اظہار کھل کر کیا تھا۔ اُنہوں نے دبئی میں الومینیٹی کلب بھی کھولا تھا۔ لیکن یہی کلب کچھ ہی دنوں میں تنازعہ کا شکار ہو گیا اور بند ہو گیا۔ ہم نے ساحل خان سے الومینیٹی کی رکنیت کو لےکر بھی سوال کیا لیکن اُنہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ حالانکہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اُنہوں نے کورٹ کا سہارا لیا لیکن گرفتاری قبل از ضمانت کی عرضی خارج ہونے کے بعد اُنہوں نے راہ فرار اختیار کر لی۔
اُنہیں گرفتار کرنے کے لیے کرائم برانچ افسر ارون تھورات اور ان کی ٹیم کو 1800 کیلومیٹر کی خاک چھاننی پڑی۔ تب جاکر ساحل خان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اب کرائم برانچ ساحل خان سے بیٹنگ ایپ کی رقم کو لے کر ان کی الومینیٹی سے وابستگی کے بارے میں تفتیش کرے گی۔ تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ مہا دیو بیٹنگ ایپ سے حاصل کی گئی رقم کہاں چھپا رکھی ہے۔ جسے تلاش کرنے کے لیے خصوصی ٹیم کی تشکیل کی گئی ہے۔