کولکاتا: وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے سندیش کھالی میں خواتین کی حالت زار پر خاموشی اختیار کرنے پر اپوزیشن اتحاد(انڈیا گروپ) کی تنقید کی اورریاست کی ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) حکومت کو خواتین مخالف اور عوام مخالف قرار دیا۔ ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے ریاستی حکومت پر ایک مجرم کو بچانے کے لئے تمام تر کوششیں کرنے کا الزام لگایا، جس نے سندیش کھالی میں دہشت کا راج قائم کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ٹی ایم سی نے اپنے پارٹی لیڈر (شیخ شاہجہان) کو بچانے کی تمام کوششیں کیں اور یہ بی جے پی لیڈر کی کوشش تھی جس کی وجہ سے 'مضبوط' ٹی ایم سی لیڈر کی گرفتاری عمل میں آئی۔ انہوں نے کہاکہ ملک دیکھ رہا ہے کہ ٹی ایم سی نے سندیش کھالی کی بہنوں کے ساتھ کیا کیا ہے۔ پورا ملک غصے میں ہے۔ سندیش کھالی میں جو کچھ ہوا اس سے راجہ رام موہن رائے (سماجی مصلح) کی روح کو تکلیف ہوئی ہوگی۔