ممبئی: مہاراشٹر کے کرلا ویسٹ میں پیر کی رات ایک خوفناک سڑک حادثے میں چار افراد ہلاک اور 25 لوگ زخمی ہوگئے۔ ایس جی باروے روڈ پر ایک بس نے پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔ تاحال حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس نے بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بس نے پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کو ٹکر ماری۔ حادثے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 25 لوگ زخمی ہو گئے۔ بیسٹ بس اندھیری کی طرف جارہی تھی جب کرلا ویسٹ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے کہا کہ بس 100 میٹر کی دوری پر 30-40 گاڑیوں سے ٹکرا گئی اور پھر سلیمان بلڈنگ کے آر سی سی کالم سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے اس کی دیوار ٹوٹ گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ کرلا میں ڈرائیور نے بیسٹ بس پر کنٹرول کھو دیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انکوائری جاری ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں لے جایا گیا، جن میں بی ایم سی کے زیر انتظام بھابھا اسپتال اور کرلا کے سیون اسپتال شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے دو افراد فوت ہوگئے جب کہ ایک زخمی اسپتال میں داخل ہونے کے بعد دم توڑ گیا۔