حیدرآباد: کرکٹ میں Fab-4 کے نام سے مشہور چار کھلاڑیوں کو سنچری بنانے کے لیے کافی وقت انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ ویرات کوہلی 453 دنوں سے سنچری کا انتظار کر رہے ہیں۔
اگر کرکٹ کی دنیا میں گزشتہ ڈیڑھ دہائی کی بات کی جائے تو 4 بلے بازوں نے اپنا پرچم لہرایا ہے۔ جو روٹ، کین ولیمسن، اسٹیو اسمتھ اور ویرات کوہلی نے گزشتہ 15 سالوں میں مسلسل اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس وقت پاکستان میں کھیلی جارہی سہ فریقی سیریز میں کین ولیمسن نے 21 اننگز کے طویل انتظار کے بعد ون ڈے میچوں میں سنچری اسکور کی ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست 133 رنز بنائے۔ لیکن Fab-4 کے ارکان ویرات کوہلی، جو روٹ اور اسٹیو اسمتھ ابھی بھی ون ڈے میں سنچری کے منتظر ہیں۔
ویرات کوہلی کی بات کریں تو انہوں نے گزشتہ 453 دنوں سے ون ڈے میچوں میں کوئی سنچری نہیں بنائی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم نے سال 2024 میں صرف تین ون ڈے میچ کھیلے تھے۔ ویرات کی آخری اور 50ویں ون ڈے سنچری 2023 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں آئی تھی، جہاں انہوں نے 117 رنز بنائے تھے۔
اسٹیو اسمتھ ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے پچھلی آٹھ ٹیسٹ اننگز میں سے چار میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔ لیکن ون ڈے میچوں میں ان کی سنچری کا انتظار 883 دنوں سے جاری ہے۔ اسمتھ کی آخری ون ڈے سنچری ستمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہوئی تھی، جہاں انہوں نے 105 رنز بنائے تھے۔ اسمتھ نے ون ڈے میچوں میں اب تک 12 سنچریاں اسکور کی ہیں۔
جو روٹ 2024 میں ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ لیکن ون ڈے کرکٹ میں ان کی سنچری کا انتظار ایک دو نہیں بلکہ پانچ سال کا ہے۔ روٹ نے گزشتہ چار سالوں میں 19 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں لیکن ون ڈے میں ان کا انتظار 2,068 دن جاری ہے۔ روٹ کی آخری سنچری جون 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں آئی تھی۔
![بابراعظم](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/11-02-2025/23520574_iii.jpg)
بابراعظم بھی مایہ ناز بلے باز ہیں لیکن ونڈے میں بابر کو بھی سنچری کا انتظار ہے۔ سہ فریقی سیریز میں بابر اعظم فخر زمان کے ساتھ اننگ کی شروعات کر رہے ہیں۔کرکٹ کے مداح بابر کے بلے سے بڑی اننگ دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ بابر کے پاس اپنی سرزمین پر سنچری اسکور کرنے کا بہترین موقع ہے۔