نئی دہلی: نوئیڈا کے سیکٹر 74 میں واقع ایک بینکوئٹ ہال میں منگل کی دیر رات آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فی الحال بینکوئٹ ہال میں آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی، اس واقعہ میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔ تھانہ سیکٹر 113 کے تحت سیکٹر 74 میں واقع زیر تعمیر لوٹس گرینیڈیئر بینکویٹ ہال میں آگ لگ گئی، جس کے بعد فائر ڈیپارٹمنٹ کی 15 گاڑیاں ایک ایک کر کے موقع پر پہنچ گئیں۔
آگ اتنی بھیانک تھی کہ اس پر قابو پانے میں کافی مشقت کرنی پڑی۔ متوفی کی شناخت پرمیندر کے طور پر کی گئی ہے جو وہاں الیکٹریشن کے طور پر کام کرتا تھا۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ ڈی سی پی نوئیڈا، سی ایف او گوتم بدھ نگر اور دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ فی الحال ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔ تفصیلات میں بتاگیا ہے کہ بینکوئٹ ہال میں تقریباً 3.30 بجے علی الصبح اطلاع ملی کہ نوئیڈا سیکٹر 74 میں واقع لوٹس گرانڈیور بینکوئٹ ہال میں آگ لگ گئی ہے، جس کے بعد کل 15 فائر ٹینڈر کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ بڑی مشقت کے بعد فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔