گیا:بہار میں ذی الحجہ کے چاند کی رویت کو لے کر اختلاف پیدا ہوگئے تھے، یہی وجہ ہے کہ پہلے یہاں کے دو بڑے اداروں نے الگ الگ تاریخ کا اعلان کردیا تھا، جس کی وجہ سے عوام میں تذبذب تھا کہ وہ کس تاریخ کو عید الاضحی کی نماز ادا کریں گے کیونکہ بہار میں 17 جون اور 18 جون کی تاریخ کا اعلان ہوا تھا۔
حالانکہ ملکی سطح پر رویت ہلال کمیٹی اور اداروں نے 17 جون کی تاریخ کا ہی اعلان کیا تھا لیکن بہار میں ادارہ شرعیہ کی جانب سے بہار جھارکھنڈ اتر پردیش بنگال اور دیگر متصل علاقوں سے بروقت رویت کا شرعی ثبوت نہیں ملنے سے 18 جون کو عید الاضحی منانے کا اعلان کردیا تھا۔ جب کہ امارت شریعہ اور دیگر اداروں، کمیٹیوں نے چاند رات کو ہی 29 کی رویت کے اعتبار سے 8 جون 2024 کو ماہ ذی الحجہ کی پہلی تاریخ مانی تھی اور اس کا اعلان کر دیا تھا۔
لیکن ادارہ شرعیہ نے شرعی ثبوت نہیں ملنے کی وجہ سے 9 جون 2024 کو پہلی تاریخ مانی تھی، کیونکہ بہار جھارکھنڈ کے علاقوں میں چاند نہیں دیکھا گیا تھا۔ بلکہ گجرات اور دوسرے علاقوں میں چاند دیکھے جانے کی تصدیق ہوئی تھی۔ ادارہ شرعیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ شرعی رویت کی تصدیق اور ثبوت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر شرعی ثبوت حاصل ہوجاتا ہے تو تاریخ میں تبدیلی ہوگی۔ آج تاریخوں کے ٹکراؤ کی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔ کیونکہ مرکزی ادارہ شرعیہ پٹنہ نے اعلان کیا کہ 29 کی رویت کا شرعی ثبوت حاصل ہو گیا ہے۔