مالیگاؤں: مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں گزشتہ کئی ماہ سے خصوصی این آئی اے عدالت سی آر پی سی کی دفعہ 313/ کے تحت ملزمین کے بیانات کا اندراج کررہی ہے۔ عدالت اب تک ملزمین سے تقریباً اٹھارہ سوالات پوچھ چکی ہے۔ تین سو گواہان کی گواہی کی بنیاد پر یہ سوالات پوچھے جاچکے ہیں۔ اب بھی تقریباً پچیس گواہان کے بیانات کی بنیاد پر ملزمین سے سوالات پوچھے جانا باقی ہے۔
غور طلب ہو کہ چند ملزمین بشمول سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔ جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں خصوصی جج نے ملزمہ کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔ آج اسے عدالت میں حاضر رہنے کا حکم دیا تھا لیکن آج بھی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر عدالت میں میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے حاضر نہیں ہوسکی۔ جس کے بعد عدالت نے وارنٹ پر اسٹے دے دیا۔
سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے وکیل جے پی مشراء نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ آج عدالت میں پیش ہونے کے لیے بھوپال سے بذریعہ ہوائی جہاز ممبئی کے لیے نکلی تھی، لیکن ممبئی پہنچتے ہی ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ لہذا اسے لیلاوتی اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔ لہذا اس کے خلاف جاری قابل ضمانت وارنٹ پر اسٹے دیا جائے۔
خصوصی این آئی اے عدالت جج اے کے لاہوٹی نے ملزمہ کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ پر اسٹے دے دیا اور حکم دیا کہ اسپتال سے ڈسچارج ہوتے ہوئے اسے عدالت کے سامنے پیش ہونا ہوگا، بصورت دیگر اس پر عدالت کارروائی کرے گی۔