گیا: ملک کے مختلف امبارکیشن پوائنٹ سے حج سفر 2024 کی پرواز کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی کڑی میں بہار کے گیا سے پرواز کرنے والے عازمین حج کی پرواز کا سلسلہ آئندہ 26 مئی سے شروع ہوگا۔ گیا سے پرواز میں چار دن باقی ہیں اور یہاں گیا ہوائی اڈہ پر بہار کے عازمین حج کے لیے تیاریاں زوروں پر ہیں۔
ایئرپورٹ کے بیرونی حصے میں عازمین حج کے قیام کے لیے جرمن پنڈال بنایا جارہا ہے۔ جس میں نماز گاہ بھی ہوگی، ضلع انتظامیہ کی جانب سے وہاں دستیاب کرائی جانے والی سہولتوں کے تحت میڈیکل کیمپ، کنٹرول روم، عارضی تھانہ، مے آئی ہیلپ یو اور دیگر کیمپ بھی لگنے شروع ہو گئے ہیں۔ حالانکہ اس بار پنڈال کی لمبائی کم کی گئی ہے کیونکہ عازمین حج کی تعداد گزشتہ برسوں کی بنسبت انتہائی کم ہے۔ لیکن پھر بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ انتظامات اور سہولتیں سابقہ روایتوں کی روشنی میں ہی ہوں گے۔ بلکہ اس بار شدید گرمی اور لہر کے پیش نظر اضافی طور پر بھی انتظامات کیے گئے ہیں، اسکے لیے محکمہ صحت گیا کو ہدایت بھی دی گئی ہیں۔
سرکاری افسران و اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن کی جانب سے ایک دو دنوں میں نوٹس بھی جاری کر دی جائے گی۔ ساتھ ہی سرکاری افسران و اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن خود بریف بھی کریں گے کہ وہ کس طرح عازمین حج کی خدمت میں اپنی ڈیوٹی کو انجام دیں۔ آج مگدھ کمشنری کے کمشنر میانک وروڑے نے ہوائی اڈے پر پہنچ کر عازمین حج کو دی جانے والی سہولتوں کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ہے اور اُنہوں نے اس دوران ہورہے کاموں کی معلومات حاصل کی۔
انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت
گیا ہوائی اڈے پر آج مگدھ کمشنری کے کمشنر میانک وروڑے نے جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ایئرپورٹ کے کانفرنس ہال میں افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں کئی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ میں محکمہ اقلیتی فلاح پٹنہ کے ڈائریکٹر اور جوائنٹ سیکریٹری کے علاوہ حج بھون پٹنہ کے سی ای او، گیا ضلع انتظامیہ کے اعلی افسران، پولیس انتظامیہ کے افسران، ایئرپورٹ اتھارٹی کے افسران بالخصوص ڈائریکٹر گیا ایئرپورٹ، سی آئی ایس ایف کے کمانڈنٹ شامل ہوئے۔ کمشنر نے میٹنگ میں واضح لفظوں میں افسران خاص طور سے متعلقہ اداروں کے افسران جنہیں ایئرپورٹ پر سہولتیں دستیاب کرانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
انہیں ہدایت دی کہ 25 مئی سے قبل ہی سارے انتظامات پورے کر لیے جائیں، 25 مئی کے شام تک پنڈال ریڈی ہو، گرمی کے پیش نظر پنڈال میں اس بار اضافی کولر پنکھے لگائے جائیں اور اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ چونکہ موسم گرمی کا ہے، تو یہاں آگ لگنے کے حادثات سے بھی نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیم موجود ہو۔ انہوں نے ضلع اقلیتی بہبود وحج نوڈل افسر راہل کمار کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ یہاں آکر انتظامات کو دیکھیں۔ خاص کر پرواز کے ایام میں انکی موجودگی یقینی ہو۔