راجوری (جہانگیر خان): جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے نوشہرہ میں منگل کو لائن آف کنٹرول کے پاس بارودی سرنگ کے دھماکے میں کم از کم چھ فوجی زخمی ہو گئے۔
معتبر ذرائع نے بتایا کہ بھوانی سیکٹر کے ماکری علاقے میں کھمبا قلعہ کے قریب سکیورٹی اہلکاروں کی گشت کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ بارودی سرنگ کے اس حادثاتی دھماکے میں کزم سے کم چھ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔
زخمی فوجیوں کو علاج و معالجہ کے لیے راجوری کے فوجی اسپتال ریفر کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق سبھی کو معمولی زخم آئے ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ سکیورٹی اداروں نے واقعے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ عموماً یہ بارودی سرنگیں فوج دراندازی کی روک تھام لیے نصب کرتی ہے، حالانکہ اب تک اس سلسلے میں کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال 21 نومبر کو بھی جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک بارودی سرنگوں کے کئی دھماکے ہوئے تھے۔ اس دوران خطرناک جنگلاتی آگ کی وجہ سے تقریباً نصف درجن بارودی سرنگیں پھٹ گئیں۔ یہ دھماکے کرشنا گھاٹی سیکٹر کے فارورڈ علاقوں میں جنگلوں میں آگ لگنے کی وجہ سے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر سرحد پر جنگلاتی آگ سے بارودی سرنگوں کا دھماکہ