کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے علیم الدین اسٹریٹ میں واقع پارٹی صدر دفتر میں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہاکہ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے دو ڈھائی مہینہ قبل اعلان کر دیا تھا کہ وہ انڈیا اتحاد کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے خود کہا تھا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں تنہا الیکشن لڑیں گی۔ اس بنیاد پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ انڈیا اتحاد کا کبھی حصہ نہیں رہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ممتا بنرجی دراصل انڈیا بلاک حکومت میں نہیں رہنا چاہتی ہیں۔ اس لیے باہر سے حمایت دینے کی بات کر رہیں ہیں۔باہر سے حمایت کرنے کا کیا مطلب ہے ۔پورے ملک کو پتہ ہے کہ کیا چاہتی ہیں،
سی پی آئی ایم کے رہنما نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کا چوتھا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔اکثریت کی بات بھی واضح ہوتی جارہی ہے۔این ڈی اے کو اکثریت نہیں مل رہی ہے ۔اسی وجہ سے بی جے پی کے رہنما اس بار 400 پار کا نعرہ چھوڑ کر ہندو مسلم کی سیاست تیز کردی ہے۔ان کے تمام رہنما اس وقت مذہب کی سیاست کو لے کر عام لوگوں کو گمراہ رہے ہیں۔بی جے پی کے پاس اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔