اردو

urdu

ETV Bharat / state

گیا میں ووٹنگ کے لئے انتظامات مکمل - lok sabha election 2024 - LOK SABHA ELECTION 2024

گیا اور اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ کے تحت گیا ضلع میں واقع سبھی اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ صبح سات بجے سے ووٹنگ شروع ہوگی جبکہ نکسل متاثر علاقوں شام چار بجے تک اور شہری علاقوں میں شام چھ بجے تک ووٹنگ ہوگی

گیا اور اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ
گیا اور اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 18, 2024, 10:42 PM IST

گیا: گیا پارلیمانی حلقہ کے تحت جمعہ 19 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے اور پولنگ پارٹیاں ووٹنگ کرانےکے لیے ایک دن پہلے جمعرات کی دوپہر سے گیا کالج سے روانہ ہونے لگی تھیں۔ انہیں ووٹنگ کے لئے باسکٹ اور دیگر سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔ ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر تیاگ راجن نے پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ دیر شام تک سبھی پولنگ پارٹیاں اپنے اپنے مقام پر پہنچ چکی ہیں خاص بات یہ ہے کہ ای وی ایم اور وی وی پیڈ مشینیں پولنگ پارٹیوں کو دیتے وقت کافی عمل مکمل کرنے کے بعد دی گی ہیں۔

واضح ہو کہ گیا پارلیمانی حلقہ کے تحت چھ اسمبلی کی نشستیں ہیں جن میں شیرگھاٹی ،بارہ چٹی، بودھ گیا، گیا ٹاؤن، بیلا گنج اور وزیر گنج اسمبلی ہیں۔ جبکہ تین اسمبلی نشستیں گروہ ،امام گنج اور ٹکاری اورنگ آباد پارلیمانی حلقے میں واقع ہیں ، ایک اسمبلی حلقہ جہان آباد پارلیمانی حلقہ میں واقع ہے جہاں بعد میں انتخاب ہونے ہیں، گیا ضلع کے نو اسمبلی حلقوں کے لیے گیا کالج کو ڈسپیچ سینٹر بنایا گیا تھا جہاں سے پولنگ ٹیم کو ای وی ایم، وی وی پیٹ اور دوسرے سامان دستیاب کرائے گئے ہیں۔

گیا پارلیمانی حلقے سے کل 14 امیدوار اس بار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ان امیدواروں کی قسمت جمعہ کو 1879 بوتھوں پر 18 لاکھ 16 ہزار 815 ووٹر ای وی ایم میں قید کریں گے۔ اس میں مرد ووٹر کی تعداد 944230 ہے جبکہ خواتین ووٹر کی تعداد 872565 ہے۔ یہاں گیا پارلیمانی حلقہ میں تھرڈ جینڈر ووٹر کی تعداد 20 ہے جبکہ اورنگ اباد پارلیمانی حلقے کے وہ اسمبلی حلقے جو گیا ضلع میں واقع ہیں ان تین اسمبلی حلقوں میں کل ووٹروں کی تعداد 316761 ہے۔ اس میں مرد ووٹر کی تعداد 164248 ہے جبکہ خواتین ووٹر کی تعداد 152509 ہے جبکہ تھرڈ جینڈر کی تعداد 4 ہے۔

اگر پورے گیا ضلع کے ووٹروں کی تعداد دیکھی جائے تو اس میں 30 لاکھ 57 ہزار738 ہے جس میں مرد ووٹر کی تعداد 15 لاکھ 89 ہزار 318 ہے جبکہ خواتین ووٹر کی تعداد 14 لاکھ 68 ہزار 308 ہے

29278 معذور ووٹر

گیا ضلع میں کل معذور ووٹروں کی تعداد 29 ہزار 278 ہے جبکہ یہاں گیا ضلعے میں 8 سال سے زیادہ عمر کے ووٹروں کی تعداد 22 ہزار 655 ہے۔ اس بار معذور ووٹروں اور ویسے ووٹر جو زیادہ عمر کی وجہ سے چلنے پھرنے سے قاصر ہیں یا پھر جن کی طبیعت سخت علیل ہے اور وہ بیڈ پر ہیں ویسے ووٹروں کے لیے گھر پر ہی ووٹنگ کرنے کے انتظامات کیے گئے تھے۔ ایسے معذور اور ضعیف ووٹروں میں 10988 ووٹر کی درخواست موصول ہوئی تھی جسکے بعد جانچ پڑتال کے بعد 8 ہزار سے زیادہ ووٹروں کے لیے انکے گھر میں ہی ووٹ کرنے کے انتظامات کیے گئے تھےاور اُنہوں نے ووٹ بھی کرلیا ہے۔ جبکہ 4515 سروس ووٹروں کو بھی بیلٹ پیپر اور فارم بھیج دیا گیا ہے اور وہ ووٹ بھی کرکے بھیج رہے ہیں جو موصول ہورہاہے ۔ اس کی ہر دن کی اطلاع امیدواروں کو بھی دی جا
رہی ہے


ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر تیاگ راجن نے کہا کہ الیکشن کی پوری تیاری کر لی گئی ہے۔ ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینیں بوتھوں پر بھیج دی گئی ہیں۔


گیا پارلیمانی حلقہ اور اورنگ آباد پارلیمانی حلقے کے تحت دونوں کے کچھ جگہوں پر پولنگ کا وقت الگ الگ ہے۔ اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ کے گروہ، امام گنج اور ٹکاری اور گیا پارلیمانی حلقہ کے شیر گھاٹی ،بودھ گیا اسمبلی حلقوں میں صبح سات بجے سے شام چار بجے تک ہی ووٹنگ ہوگی جبکہ گیا پارلیمانی حلقے کے تحت گیا ٹاؤن، بیلا گنج اور وزیر گنج اسمبلی حلقے میں صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ووٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔


پہلی بار الیکشن کمیشن نے معذور افراد کی جہاں تعداد زیادہ ہے وہاں ان کے لیے گاڑیوں کے انتظامات سرکاری سطح پر کرایا ہے تاکہ وہ معذور افراد پولنگ بوتھ تک پہنچیں اور انہیں اپنے گھروں سے وہاں پہنچنے میں کوئی پریشانی نہیں ہو اور ساتھ ہی اس سے بڑا یہ فائدہ ہوگا کہ کوئی سیاسی افراد ان کا غلط استعمال نہیں کر سکے گا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details