گیا:ریاست بہار کے شہر گیا میں واقع علی گنج محلے میں قاضی عبدالجلیل لائبریری کا قیام عمل میں آیا ہے۔ اس لائبریری کے قیام کا مقصد مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ و طالبات کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ اُنہیں تیاری کے دوران کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔
یہاں ان طلبہ و طالبات کو بھی سہولت فراہم ہوگی جو میٹرک اور انٹر میں زیر تعلیم ہیں۔ وہ بھی اس لائبریری میں آکر سکون کے ساتھ پڑھ سکتے ہیں۔ قاضی عبد الجلیل لائبریری کو گیا ہائی اسکول کے سبکدوش ہیڈ ماسٹر وقار احمد نے اپنے ذاتی رقم سے اپنے مکان کی پہلی منزل پر بنایا ہے۔ اس کا افتتاح سابق جوائنٹ سکریٹری بہار حکومت شہاب الدین خان نظامی، سابق ڈی ایس پی مرغوب اثر فاطمی، سماجی کارکن اور اسپورٹس ایسوسی ایشن گیا کے سکریٹری موتی کریمی نے مشترکہ طور پر کیا۔
افتتاحی تقریب کا باضابطہ آغاز حافظ سید حسرت کی قرآن پاک کی شاندار تلاوت کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر مرتضی کمال نے کہا کہ یہ لائبریری ان بچوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی جو مقابلے سے متعلق کتابیں نہیں خرید سکتے۔ یہاں مسلم بچوں کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے اعلی اور اچھی کتابیں دستیاب ہونگی۔
جبکہ لائبریری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار احمد نے بتایا کہ قاضی عبدالجلیل لائبریری میں یو پی ایس سی، بی پی ایس سی، ایس ایس سی، آئی آئی ٹی، جے ای ای، ریلوے اور بینکنگ کی تیاری کے لیے کتابیں اور رسائل دستیاب ہیں۔ اس لائبریری میں ضرورت مند طلبہ مقابلے کی مفت تیاری کر سکتے ہیں۔ لائبریری میں پڑھنے کے لیے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ کچھ شرائط رکھی گئی ہیں جس میں بڑی شرط یہ ہے کہ یہاں پڑھنے والے کسی طرح کا نشہ نہیں کریں جیسے کھینی گٹکھا پان، بیڑی سگریٹ وغیرہ کا ہرگز استعمال نہیں کر سکتے ہیں۔ جن کا رجسٹریشن ہوگا اُنہی کو پڑھنے کی اجازت ہوگی، اس کے لیے ادھار کارڈ کی کاپی دینی ہوگی۔