ممبئی: مہاراشٹر کے نئے وزیر اعلی کے طور پر دیویندر فڑنویس کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے اتوار کی رات یہ دعویٰ کیا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ دو یا تین دسمبر کو ہوگی۔
نئی مہایوتی حکومت کی حلف برداری تقریب پانچ دسمبر کی شام ممبئی کے آزاد میدان میں ہوگی اور وزیر اعظم نریندر مودی اس میں شرکت کریں گے۔ فڑنویس دو بار وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ حالانکہ ان کی دوسری مدت چند دنوں کے لیے تھی۔ سبکدوش ہونے والے سی ایم ایکناتھ شندے کی قیادت والی حکومت میں وہ نائب وزیر اعلیٰ تھے۔
اس سے قبل ریاست کے کارگزار وزیر اعلیٰ و شیوسینا صدر ایکناتھ شندے نے واضح کر دیا تھا کہ وزیراعلیٰ سے متعلق پی ایم مودی اور امت شاہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ انھیں منظور ہوگا۔ انھوں نے کہا تھا کہ، بی جے پی ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ کرے گی، جسے ان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کو لے کر مہایوتی اتحادیوں میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ستارہ ضلع میں اپنے آبائی گاؤں درے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شندے نے یہ بھی کہا کہ حکومت سازی پر بات چیت چل رہی ہے اور تمام فیصلے تین مہایوتی اتحادیوں کے اتفاق رائے سے کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بات چیت چل رہی ہے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ بھی میٹنگ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ ریاست کے مفاد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ عظیم اتحاد میں بی جے پی، ایکناتھ شندے کی شیو سینا اور اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شامل ہیں۔ اس اتحاد نے ریاست کی 288 اسمبلی سیٹوں میں سے 230 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی کو سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: