سرینگر (جموں و کشمیر):ایک اہم پیش رفت میں، جموں و کشمیر پولیس نے سرینگر میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی عدالت میں دو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ یہ چارج شیٹ مقدمہ زیر نمبر 94/2023 سے متعلق ہے، جو پولیس اسٹیشن بٹہ مالو میں غیر قانونی سرگرمیاں (روکتھام) کے قانون (UA(P)A) کی دفعہ 7/25 A ایکٹ؛ 13، 18، 20، 23، 38، 39 اور 40 کے تحت درج ہے۔
پولیس بیان کے مطابق چارج شیٹ میں نامزد ملزمان عرفات یوسف خان ولد محمد یوسف خان ساکنہ پیٹھ گام، راجپورہ (ملزم ایک) اور ایک مقتول مقامی عسکریت پسند یاور شفیع بٹ ولد محمد شفیع بٹ ساکنہ کالام پورہ، پلوامہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ پولیس اسٹیشن بٹہ مالو، سرینگر کی جانب سے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی سے متعلق ہے۔ اور پولیس تفتیش کے دوران، کال ڈیٹل ریکارڈز (CDR) اور انٹرنیٹ پروٹوکول ڈیٹل ریکارڈز (IPDR) کی بنیاد پر دونوں کے درمیان ایک اہم ربط کا سراغ ملا ہے جس کی وجہ سے اس مقدمہ حل ہو پایا ہے۔