چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ، خطے میں لوہے کا دور شروع ہوا اور تمل سرزمین پر لوہے کا استعمال 4000 قبل مسیح کی پہلی سہ ماہی سے ہو سکتا ہے۔ اسٹالن نے کہا، اس طرح یہ ثابت ہوا کہ 5,300 سال پہلے لوہے کا استعمال جنوبی ہندوستان میں نمایاں تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا، برصغیر پاک و ہند کی تاریخ اب تمل ناڈو کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ درحقیقت، یہ یہاں سے شروع ہونا چاہیے۔
سی ایم اسٹالن نے مزید کہا کہ، تحقیق کی بنیاد پر میں یہاں ایک اہم اعلان کر رہا ہوں۔ تمل کی سرزمین پر لوہے کا استعمال 4000 قبل مسیح کے اوائل میں ہو سکتا ہے۔ ریاست میں کھدائی کے دوران تمل ناڈو کے محکمہ آثار قدیمہ کے حالیہ نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا، یہاں پگھلنے والا لوہا تقریباً 5,300 سال پہلے متعارف ہوا تھا۔
سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں کے راجن اور شیوانتھم کی تصنیف اور ٹی این آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے لوہے کے دور پر شائع کردہ، کتاب کے اجراء کے بعد خطاب کرتے ہوئے، اسٹالن نے کہا کہ آثار قدیمہ کے مقامات سے حاصل ہونے والے آثار کے نمونے کو تجزیہ کے لیے پونے کے ایک معروف تحقیقی مرکز اور فلوریڈا میں ایک معروف بین الاقوامی تحقیقی مرکز کو بھیجا گیا ہے۔