سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جارہا ہے: علی احمد خان بیدر:کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ضلع بیدر کے سیکرٹری علی احمد خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کوئی تعلق عام آدمی پارٹی سے نہیں ہے لیکن بات جب جمہوریت کی آتی ہے۔ حق بات کہنے کا سوال ہوتا ہے تو کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں ان دنوں جو حالات ہیں اس سے دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ ملک میں جمہوریت دن بدن کمزور پڑتی جا رہی ہے۔ بابا صاحب امبیڈکر نے تمام لوگوں کو ووٹ ڈالنے کا جو حق دیا ہے۔ اسی طرح اپنی بات کہنے کا اپنی بات رکھنے کا اور اپنے مذاہب پر چلنے اور اس کا پرچار کرنے کا حق دیا ہے۔ علی احمد خان نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری بہت سارے سوال کھڑے کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ای ڈی اور سی بی آئی اب سرکاری ایجنسیاں نہیں رہیں: ہیمنت سورین کی گرفتاری پر ردعمل
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت علاقائی پارٹیاں یا پھر اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کرنے کے لیے سرکاری مشنریز کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں میں پھوٹ ڈال کر ایک ہی پارٹی میں ایک دوسرے سے تفریق پیدا کر کے مرکزی حکومت اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ یہ سوچ اور عمل جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔ علی احمد خان نے مزید کہا کہ مختلف جماعتوں کو ملا کر جو انڈیا الائنس گروپ بنایا گیا ہے ان تمام پارٹی کے ذمہ داران کو چاہیے کہ اپنے اپنی ریاستوں میں ٹکٹ کی تقسیم کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کام کریں کیونکہ ٹکٹ کی تقسیم ایک اہم مرحلہ ہے۔
انتخابات کے وقت کسی بھی پارٹی میں ٹکٹ کی تقسیم بہت معنی رکھتا ہے۔ اس لیے انڈیا لائنز میں شامل تمام احباب کو چاہیے کہ وہ ٹکٹ کی تقسیم کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایسے امیدوار کا انتخاب کریں جو حقیقی معنوں میں کامیابی حاصل کرتا ہو کسی کے بھی دباؤ میں آئے بغیر پارٹی کے لیے دل سے کام کرنے والے اور سیکولرازم اور جمہوریت کی بقا کے لیے جدوجہد کرنے والے لوگوں کو ٹکٹ دیا جائے تاکہ ملک میں جمہوریت برقرار رہ سکے۔