اٹاوہ: دہلی سے پریاگ راج جا رہی اونچھار ایکسپریس (14218) کی ایک بوگی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد دھواں اٹھتا دیکھ کر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک مسافر نے جی آر پی کنٹرول روم کو حادثہ کی اطلاع دی۔ جی آر پی نے فرخ آباد ریلوے کراسنگ کے قریب ٹرین کو روکا۔ تاہم تب تک ٹرین کے اندر موجود آگ بجھانے والے آلات سے آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔ بوگی کو چیک کرنے کے بعد ٹرین کو آگے روانہ کردیا گیا۔
پرتاپ گڑھ کے رہنے والے انیل کمار نے بتایا کہ وہ ہریانہ کے روہتک ضلع میں کام کرتا ہے۔ وہ دہلی سے پریاگ راج جانے والی اونچہار ایکسپریس (14218) کی S4 بوگی میں سفر کر رہا تھا۔ سفر کے دوران درمیان سیٹ سے نیچے رکھے بیگ پر زور سے قدم رکھے جس کیو جہ سے بیگ میں موجود ماچیس کی ڈبی میں رگڑنے کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے سیٹ نمبر 49 اور 53 کے درمیان دھواں اٹھنے لگا۔ جی آر پی نے انیل کمار کو اکدل ریلوے اسٹیشن پر اتار دیا۔ مسافر کے خلاف ریلوے ایکٹ کے تحت ریلوے پروٹیکشن فورس پوسٹ، اٹاوہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہاوڑہ میں شالیمار - سکندرآباد اسپیشل ٹرین پٹری سے اتری، ریسکیو جاری
سرکاری ریلوے پولیس اٹاوہ کے انچارج شیلیش نگم نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 4.15 بجے جی آر پی کنٹرول روم کو حادثہ کی اطلاع ملی تھی۔ اس معاملے میں مسافر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفتیش کی جا رہی ہے۔