کولکاتا:انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے راشن بدعنوانی کے معاملے میں اداکارہ ریتو پرنا سین گپتا کو طلب کیا ہے۔ ٹولی ووڈ اداکارہ کو 5 جون کو سالٹ لیک میں واقع سی جی او کمپلیکس میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ لیکن یہ پہلی بار نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی اداکارہ کو 2019 کے روز ویلی چٹ فنڈ کیس میں ای ڈی کی پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم ای ڈی نوٹس کے تعلق سے ریتوپرنا کی طرف سے ابھی تک کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق تفتیش کاروں کو راشن بدعنوانی معاملے میں کئی ملزمین کے بینک کھاتوں کی جانچ کے بعد ریتوپرنا سینگپتا کا نام ملا ۔ ٹولی ووڈ کی مشہور اداکارہ کو یہ جاننے کے لیے بلایا گیا ہے کہ ان تمام لین دین سے کیا تعلق ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ملزم کے اکاؤنٹ سے کئی سالوں سے اداکارہ کے بینک اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے منتقل کیے گئے ہیں۔