مرشدآباد:مغربی بنگال میں اساتذہ تقرری ، میونسپل عملے کی بھرتی، راشن کرپشن کے معاملات پر چھاپے مارنے کے بعد اس مرتبہ ای ڈی نے 100 دن کے کام کی اسکیم میں بدعنوانی کے الزامات پر ضلع بہ ضلع چھاپے مارنا شروع کردیا ہے ۔ جانچ افسران پنچایت کے سابق کارکن رتھن کو متعلقہ معاملے میںاہم سراغ مان رہے ہیں ۔
مبینہ طور پر انہوں نے 100 دن کے کام کی رقم خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق پنچایت کارکن نے ایک خاتون کے بینک اکاؤنٹ میں 17 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم بھیجی تھی۔ اس عورت کے ساتھ اس کے تعلقات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ لیکن یہ معلوم ہوا ہے کہ خاتون کا پنچایت ممبر سے قریبی تعلق ہے۔
6 ستمبر 2019 کو بیلڈنگا-1 بلاک کے بی ڈی او بیروپکشا مترا نے اس وقت کے پنچایت کارکن رتھن کے خلاف بدعنوانی کی شکایت کی تھی۔ بیلڈنگا-1 بلاک کے سوجاپور-کمار پور گرام پنچایت کے ایگزیکٹیو اسسٹنٹ راتھین کےخلاف بی ڈی او نے ایک تحریری شکایت میں کہا ہے کہ رتھن نے 100 دن کے کام کی رقم کو ترقیاتی شعبے میں خرچ کرنے کے بجائے مختلف کھاتوں میں ڈال دیا۔