کولکاتا: آر جی کر اسپتال میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کیس میں دو ملزمین کو ضمانت ملنے پر ڈاکٹر ناراض ہیں۔ مغربی بنگال جوائنٹ ڈاکٹرز فورم (ڈبلیو بی پی ڈی) اس معاملے میں سی بی آئی جانچ کے خلاف منگل سے کولکاتا میں احتجاج شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، ڈبلیو بی پی ڈی کی طرف سے مجوزہ احتجاج، پانچ یونینوں کے تعاون 26 دسمبر تک ڈورینا کراسنگ پر کیا جائے گا۔ ڈبلیو بی جے پی ڈی کے جوائنٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر پنیہ برت گن نے کہا کہ 'ہم سی بی آئی کے ذریعہ فوری طور پر ضمنی چارج شیٹ پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو بی جے پی ڈی نے کولکاتا کے پولیس کمشنر منوج ورما کو خط لکھ کر 10 دن کے احتجاج کی اجازت مانگی ہے۔
پنیہ برت گن نے کہا کہ 'ہم نے ٹریفک میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر ایک عارضی پلیٹ فارم بنانے کے لیے پولیس سے اجازت مانگی ہے۔ ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ تمام قانونی اور حفاظتی رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے پرامن اور منظم طریقے سے مظاہرہ کیا جائے گا۔