نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے رام لال آنند کالج کے عملے کو آج بم کی دھمکی کی کال موصول ہوئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مختلف ٹیمیں کالج احاطہ میں موجود ہیں اور ابھی تک کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوب مغربی) روہت مینا نے بتایا کہ صبح تقریباً 9:34 بجے رام لال آنند کالج کے عملے کو واٹس ایپ کے ذریعے بم کی دھمکی کی کال موصول ہوئی تھی۔
ڈی سی پی نے کہا ہے کہ " ہمیں اطلاع ملنے کے بعد فوری طور پر پولیس ایمبولینس، بی ڈی ایس، بی ڈی ٹی کے ساتھ کالج پہنچی اور طلباء کو وہاں سے بحفاظت باہر نکالا گیا"۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے مزید کہا ہے کہ "تلاشی اور چیکنگ کی جا رہی ہے، ابھی تک چیکنگ کے دوران کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی ہے''۔ ڈی سی پی نے مزید کہا ہے کہ "اس معاملے میں مزید اقدامات جاری ہیں"۔