نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دہلی کے وزیر اور پارٹی لیڈر کیلاش گہلوت نے پارٹی اور وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کیلاش گہلوت نے اپنا استعفی پارٹی کے قومی صدر اروند کیجریوال کو بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کیجریوال کو اپنے عہدے اور پارٹی سے استعفیٰ دینے کی وجوہات کو ایک خط میں لکھا ہے۔ اپنے استعفی خط میں انہوں نے جمنا کی صفائی اور شیش محل کی تعمیر کا مسئلہ اٹھایا ہے۔ گہلوت نے خط میں لکھا کہ ہم نے گزشتہ انتخابات میں جمنا کو صاف کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن صفائی نہیں ہوئی، ہم اپنا وعدہ پورا نہیں کر سکے۔
کیلاش گہلوت نے خط میں الزام لگایا کہ دہلی حکومت اور عام آدمی پارٹی مرکز کے ساتھ تنازعات میں اپنا وقت گزارتی ہیں۔ یہ ہمیشہ مرکز کے ساتھ الزامات اور جوابی الزامات میں الجھتی رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ پارٹی عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے۔ پارٹی صرف مرکزی حکومت کے ساتھ بحث میں اپنا وقت ضائع کرتی رہتی ہے۔ مرکزی حکومت کے ساتھ تال میل کی کمی کی وجہ سے مفاد عامہ کے کام نہیں ہو پا رہے ہیں۔ عوام کو وہ سہولتیں نہیں مل رہی جو ملنی چاہئیں۔