دہلی : دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے ووٹنگ ختم ہوگئی۔ قومی راجدھانی کے تمام 70 حلقوں کے لیے آج صبح 7 بجے سے ووٹنگ کے عمل کا آغاز ہوا۔ پولنگ کا عمل شام 6 بجے ختم ہوگیا۔ دہلی میں 1.55 کروڑ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹر تھے۔ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو ہوگا۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی 'ووٹر ٹرن آؤٹ' ایپ کے مطابق دہلی اسمبلی انتخابات کی ووٹنگ کا فیصد 57.86 رہا۔ مانا جارہا ہے کہ انتخابات میں اصل مقابلہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی)، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے درمیان تین طرفہ تھا۔ بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے ستمبر 2024 میں اروند کیجریوال کے استعفیٰ کے بعد آتشی کو دہلی کا وزیراعلیٰ بنایا گیا تھا، انتخابی مہم کے دوران عام آدمی پارٹی اپنی حکمرانی اور فلاحی اسکیموں کو عوام کے روبرو گنایا تھا اور لگاتار تیسری بار جیتنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔