ترال (شبیر بٹ): جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سرکاری ٹریجریاں خالی ہونے کی وجہ سے سرکاری اور غیر سرکاری طور پر رقومات کی واگزاری کے حوالے سے ملازمین، ٹھیکداروں اور مختلف محکموں سے وابستہ افراد کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کا ایل جی انتظامیہ کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار چیرمین اسٹینڈنگ کمیٹی پلوامہ برائے تعلیم و صحت عامہ ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے آج ترال میں عوامی وفود سے ملاقات کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ دہی ترقی شعبے میں کام کرنے والے ٹھیکدار لمبے وقت سے رقومات کی واگزاری کے لیے انتظار میں ہیں تاہم سرکار بار بار کی گذارشات کو نظر انداز کر رہی ہے۔
ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ٹریجری میں رقومات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ رمضان المبارک سے قبل ان کی واجب الادا رقومات واگزار ہوسکیں۔ کیونکہ فی الوقت ٹھیکیداروں کے ساتھ ساتھ ملازمین ،پنشنرس، اور دیگر افراد کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔
مزید پڑھیں: عمر حکومت کو خود کو ثابت کرنے کے لیے مزید وقت دینا چاہیے: ڈاکٹر ہر بخش سنگھ
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریجریوں میں فنڈس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ٹھیکدار اپنی بلوں کی واجب الادارقومات حاصل نہیں کرپارہے ہیں جب کہ پنشنرنس بھی پنشن حاصل کرنے سے قاصر ہے۔ واضح رہے کہ پلوامہ میں فی الوقت کئی ٹریجریوں کے اندر کروڑوں روپے مالیت کی واجب الادا بلیں دھول چاٹ رہی ہیں تاہم انتظامیہ اس حوالے سے سنجیدہ نظر نہیں آتی۔
یہ بھی پڑھیں: ترال میں عوامی اتحاد پارٹی کا ایجنڈا مقبول ہو رہاہے، ڈاکٹر ہر بخش سنگھ