ممبئی:مفتی سلمان ازہری کی گرفتاری کے بعد سے ہی ممبئی میں ان کے حامیوں کا مظاہرہ جاری ہے۔ گجرات اے ٹی ایس نے مسلم مذہبی رہنما مفتی سلمان ازہری کو جوناگڑھ میں مبینہ طور پر دیے گئے نفرت انگیز تقاریر کیس کے سلسلے میں گرفتار کرکے دو روز کے ٹرانزٹ ریمانڈ میں جوناگڑھ لے گئی۔ جونا گڑھ لے جانے سے پہلے مفتی سلمان اظہری کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں مجسٹریٹ نے انہیں 2 دن ٹرانزٹ ریمانڈ پر بھیج دیا۔ دراصل نفرت انگیز تقریر کا یہ پورا معاملہ جوناگڑھ گجرات کا ہے۔
الزام ہے کہ مفتی سلمان ازہری نے اشتعال انگیز تقریر کی ۔اس کے بعد پولیس نے از خود نوٹس لیا ۔ مفتی سلمان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153 درج کر لی۔اس کے علاوہ آئی پی سی (بی)، 505(2)، 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔اس کے بعد گجرات اے ٹی ایس کی ٹیم گزشتہ روز اتوار کو مفتی سلمان ازہری کو گرفتار کرنے گھاٹکوپر پہنچی۔
گزشتہ روز اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے انہیں تھانے لایا گیا جیسے ہی مفتی کے حامیوں کو اس کی اطلاع ملی، وہ تھانے کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے۔ شام تک حامیوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی۔بھیڑ نے مفتی سلمان ازہری کی حمایت نعرے بازی شروع کر دی۔ اس دوران حامیوں کی میڈیا والوں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔