بھاگلپور:ریاست بہار کے بھاگلپور میں منعقدہ میٹنگ میں محرم کمیٹی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلوس کے دوران کسی طرح کے ناخوشگوار واقعہ سے نپٹنے کے لیے سیکورٹی فورسز تعینات کیے جائیں اور شاہ جنگی تالاب میں بیریکیڈنگ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
محرم سنٹرل کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر فاروق علی نے کہاکہ ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ بھاگلپور کے حساس علاقوں میں سے ایک پربتی چوک سے تعزیہ جلوس ضلع انتظامیہ کی زیر نگرانی نکالا جائے تاکہ گزشتہ سال کی طرح کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ساتھ ہی اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال پربتی محلہ سے گزرنے والے اکھاڑہ میں ایک غیر ضروری مقدمہ درج کیا گیا تھا جسے ختم کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جائے گا۔کیونکہ پولیس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ جلوس کے لئے پہلے جاری کیے گئے لائسنس میں شرکاء کی تعداد پانچ سو سے کم کر کے پچاس کر دی گئی ہے۔اس لئے لائسنس لینے میں اس کا خیال رکھیں۔ بھاگلپور کے محرم جلوس کی خاص بات یہ ہے کہ اہل تشیع افراد کا محرم کا جلوس 11ویں محرم کو نکالا جاتا ہے اور سنیوں کا جلوس 10ویں محرم کو نکلتا ہے۔ اس کا مقصد دونوں فرقے میں کسی طرح کے ہونے والے ممکنہ ٹکراؤ سے بچانا ہے۔