گیا: مرکزی وزیر بننے کے بعد آج جیتن رام مانجھی اپنے آبائی وطن ضلع گیا پہنچے جہاں حامیوں اور رہنماؤں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ مانجھی اس بار این ڈی اے میں رہتے ہوئے گیا پارلیمانی حلقہ سے جیت درج کی ہے۔ انہیں مودی کابینہ میں مائیکرو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز 'ایم ایس ایم ای' کی وزارت دی گئی ہے۔
انہوں نے آر ایس ایس کے رہنماء اندریش کمار کا بیان 'بی جے پی اپنی انا کی وجہ سے ہاری ہے' کے سوال پر کہا کہ یہ تو کہیں گے۔ لیکن ہار کہاں ہوئی ہے؟ بی جے پی میں انا کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگر ہوتی تو 240 سے زیادہ نشست نہیں ملتی۔ این ڈی اے کی حکومت بنی ہے ۔ اپوزیشن نے عوام کو گمراہ کیا۔ اس وجہ سے کچھ سیٹ کم ہوئی ہے لیکن یہ واضح اکثریت این ڈی اے کے لیے ہے۔ مودی کی پہلی اور دوسری حکومت میں جو کام ادھورہ رہ گیا تھا اسے پورا کیا جائے گا۔ کون کیا کہتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔
وزیر اعظم نے کیا ہے اعتماد:
مانجھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان پر اعتماد کیا ہے۔غریبوں مزدوروں اور متوسط طبقے کی معاشی استحکام اور ترقی کے لیے 'ایم ایس ایم ای ' کی وزارت کی ذمے داری سونپی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہمیں نہیں لگ رہا تھا کہ انہیں بڑا اور اہم محکمہ ملے گا لیکن جب وزیراعظم نے اس محکمہ کو ہمارے ذمے دیا تو انہوںنے مجھ سے کہا کہ 'مانجھی جی' میں نے اپنے ویژن کا محکمہ آپ کو دیا ہے۔
یو سی سی پر مانجھی کا نظریہ
یو سی سی کے حوالے سے مانجھی نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی کا رہنما اگر کچھ بولتا ہے تو ان کی باتوں کا اتحاد پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ کیونکہ جے ڈی یو اور ٹی ڈی پی کی اعلی قیادت نریندر مودی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ہم سب ساتھ رہیں گے۔ اس لیے کسی بھی رہنما کے بیان بازی کا کوئی مطلب نہیں ہے۔