احمد آباد: گجرات کے ڈانگ ضلع میں اتوار کو ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں 7 افراد ہلاک اور دیگر متعدد زخمی ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ صبح تقریباً 4 بجے ساپوترا گھاٹ روڈ پر پیش آیا، جب ایک پرائیویٹ بس 200 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ کھائی میں گرنے سے بس دو ٹکڑے ہوگئی۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس مدھیہ پردیش کے گنا سے ترمبکیشور کا دورہ کرنے کے بعد واپس آرہی تھی جس میں 48 سیاح سوار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے بھٹنڈہ میں خوفناک سڑک حادثہ، مسافروں سے بھری بس نالے میں جاگری، 8 ہلاک - BBUS PLUNGES INTO DRAIN IN PUNJAB
پولیس کے مطابق بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جس کے باعث 7 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال پہنچایا۔ ڈانگ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس کے سنگھ نے بتایا کہ یہ حادثہ ساپوترا ہل اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے کہا، "ابتدائی تحقیقات کے مطابق، بس ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا، جس کی وجہ سے بس حفاظتی رکاوٹ کو توڑ کر وادی میں گر گئی۔" زخمی عقیدت مندوں کو گجرات کے آہوا کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ عہدیداروں نے یہ بھی بتایا کہ یہ عقیدت مند 48 یاتریوں کو مہاراشٹر کے ترمبکیشور سے گجرات کے دوارکا لے جارہے تھے۔ مرنے والوں اور زخمیوں میں مدھیہ پردیش کے گنا، شیو پوری اور اشوک نگر اضلاع کے لوگ شامل ہیں۔