لکھنؤ: اکبر پور بستی میں ضلع انتظامیہ اور لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ککریل ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کے حوالے سے بڑی مہم منگل کو بھی جاری رہی۔ یہاں غیر قانونی بستی کو بلڈوزر پر مسمار کر دیا گیا۔ دوپہر کو کارروائی کے دوران مقامی لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ کچھ دیر بعد دستے پر پتھراؤ بھی ہو ا۔ جس کی وجہ سے مہم روک دی گئی۔ بعد ازاں پی اے سی نے کالونی میں گھس کر لوگوں کو روکا اور کچھ سختی کے بعد دوبارہ مہم شروع کر دی۔
اکبر نگر کالونی میں جن لوگوں کو ہائی کورٹ سے راحت نہیں ملی ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ یہاں ککریل ریور فرنٹ تیار کیا جانا ہے، جس کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کی جا رہی ہے۔ یہ کارروائی پیر کو شروع کی گئی، جس میں کچھ غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا گیا۔ اس کے بعد منگل کی صبح کارروائی شروع ہوئی۔ دوپہر کے وقت جیسے ہی جے سی بی مشین نے کچی آبادیوں کو ہٹانا شروع کیا تو لوگوں نے شور مچانا اور رونا شروع کردیا۔ خاص کر خواتین اور بچے یہاں بری طرح رو رہے تھے۔