گیا:بہار حکومت کے محکمۂ اقلیتی فلاح کی جانب سے حج بھون بی پی ایس سی کوچنگ کی طرح ' اگنی ویر کوچنگ سینٹر ' قائم کیا جائے گا۔ محکمۂ اقلیتی فلاح اس حوالے سے تیاریوں میں مصروف ہے۔ محکمہ نے اپنے ماتحت افسران سے تجویز اور رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ بھارتیہ فوج میں قلیل مدت کے لیے یہ اسکیم ہے۔ اس میں بھی شامل ہونے کے لیے کئی شرائط اور امور ہیں۔ اگنی ویر اسکیم کے تحت فارم پر کرنے کے بعد امتحان اور فزیکل ٹیسٹ سے گزرنا ہوتا ہے۔ کیونکہ بہار کے کئی ایسے علاقے ہیں جہاں مسلم نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے لیے خاص انتظام اور سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔
اس کے مدنظر محکمۂ اقلیتی فلاح نے بی پی ایس سی کوچنگ سینٹر کی طرح ہی اگنی ویر کوچنگ سینٹر قائم کرنے کی پہل کی ہے۔ اس کے لیے ان اضلاع کے افسران سے تجویز اور رپورٹ مانگی گئی ہے، جہاں اگنی ویر کوچنگ سینٹر کا قیام ہوگا۔ امتحان کی تیاری اور فزیکل ٹیسٹ کی تیاری دونوں ہی کرائی جائے گی۔ اگنی ویر بھرتی کے تحت گیا ضلع میں واقع آرمی آفیسر تربیتی سینٹر میں فزیکل ٹیسٹ ہوتا ہے۔ اس لیے یہ مانا جا رہا ہے کہ گیا ضلع میں بھی ایک بڑا سینٹر ہوگا اور اس کے لیے ٹرینر بھی بحال کیے جائیں گے۔