گیا: بہار سے حج آپریشن 2024 کا اختتام ہو گیا ہے۔ اس بار بھی پٹنہ حج بھون سے لے کر گیا امبارکیشن پوائنٹ تک ایک دو معمولی کمی اور معاملے کو چھوڑ کر بقیہ بہتر انتظامات تھے۔ لیکن اس بار بھی کمیوں سے زیادہ بہار حج بھون اور حج کمیٹی کی تنقید حاجیوں کی ہر سال کم ہورہی تعداد کو لیکر ہوئی ہے۔
حج آپریشن 2024 میں کل تعداد میں 2023 کے بنسبت نصف فیصد کی کمی آئی جبکہ بہار سے ہی پرواز کی تعداد میں نمایاں کمی ہے، گزشتہ برس 3200 حجاج کی پرواز گیا ہوائی اڈہ سے ہوئی تھی۔ وہیں اس بار 2024 میں گیا ہوائی اڈہ سے صرف 967 حاجیوں کی پرواز اور واپسی ہوئی ہے۔ تعداد میں نمایاں کمی کے تعلق سے سوال اٹھنے پر چیئر مین عبد الحق نے بھی تسلیم کیا کہ واقعی بہار کا کوٹہ خالی رہ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بار ابھی سے یعنی کہ محرم بعد سے مسلمانوں کے درمیان ' حج بیداری مہم ' شروع کردی جائے گی۔ علماء اور مشائخ عظام اور دانشوروں سے بیداری مہم میں مدد لی جائے گی۔ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں سفرحج پرروانہ ہوں اسکے لیے ترغیبی پروگرام ہونگے۔ صاحب استطاعت سے براہ راست رابطہ بھی کیا جائے گا۔
دس ہزار کوٹہ میں پانچ ہزار بھی درخواست نہیں ملتی
بہار کے لیے قریب 10 کوٹہ مختص ہے۔ لیکن گزشتہ کئی برسوں سے حجاج کرام کی تعداد 6 ہزار سے کم ہی ہوتی ہے جو سفر حج پرروانہ ہوتے ہیں۔ اس برس 2024 میں پورے بہار سے صرف 3820 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ان میں بھی صرف 967 ہی حجاج تھے جنہوں نے اپنا امبارکیشن پوائنٹ گیا کو منتخب کیا تھا۔ جبکہ بقیہ نے دیگر اور 9 امبارکیشن پوائنٹ کو اپنی پرواز کے لیے پوائنٹ منتخب کیا تھا، حاجیوں کم تعداد ہونے کی وجہ سے اس بار سب سے زیادہ مہنگا گیا امبارکیشن پوائنٹ ہی رہاہے۔ یہاں سے جانے والے حاجیوں کو 4 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ رقم ادا کرنی پڑی ہے۔