اورنگ آباد:بمبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ میں سماجی کارکن حمود چاوش کی جانب سے ایک پی آئی ایل داخل کی گئی تھی۔پی آئی ایل کی بنیاد پر بمبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے اپنی سنوائی کرتے ہوئے کہا کہ حج ہاؤس میں وقف بورڈ کا ٹریبونل آفس پانچ فروری تک شروع کرنا چاہیے، جس کے بعد ریاستی حکومت نے حج ہاؤس کا افتتاح دو فروری مقرر کر دی ہے۔
واضح ہے کہ گذشتہ کئی سالوں کے طویل انتظار کے بعد آئندہ 2 فروری کو اورنگ آباد حج ہاؤس کا افتتاح عمل میں آ رہا ہے۔ ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور و وزیر اوقاف عبدالستار کے ہاتھوں حج ہاؤس کا افتتاح عمل میں آئیگا۔ واضح ہے کہ مراٹھواڑہ کے حجاج کرام کو سفر حج پر روانگی میں سہولت کیلئے اورنگ آباد شہر میں حج ہاؤس کی تعمیر کا مطالبہ عرصہ دراز سے کیا جا رہا تھا۔
اس سلسلے میں مختلف تحریکیں بھی چلائی گئیں، جس کے بعد ریاستی حکومت نے مسلمانوں کے مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے، شہر کے قلعہ ارک علاقے میں حج ہاؤس کی تعمیر کو منظوری دی تھی ۔تاہم سرکاری منظوری کے باوجود تعمیر میں سست روی اور تعمیر کے بعد بھی افتتاح میں دانستہ تاخیر کی جاتی رہی۔ حج ہاؤس کو جلد شروع کرنے کیلئے بھی مسلم سیاسی سماجی قائدین نے مختلف سطحوں پر نمائندگی کی۔ جس کے بعد اب آئندہ 2 فروری کو حج ہاؤس کا افتتاح عمل میں آرہا ہے۔