اورنگ آباد: مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں ای وی ایم مشین ہیک کرنے کا دعوی کرنے والا ایک فوجی اورنگ آباد پولیس کی اکنامک ونگ کی گرفت میں آگیا، ملزم کو پولیس نے اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب ملزم ایک سیاسی لیڈر سے رقم وصول کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا نام ماروتی ناتھا ڈھاکنے ہے اور وہ جموں کشمیر بٹالین میں فوجی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے اپوزیشن لیڈر اور شیوسینا لیڈر امبا داس دانوے سے کچھ مہینے قبل ماروتی ڈھاکنے نے رابطہ کیا تھا اور دعوی کیا تھا کہ وہ ای وی ایم مشین ہیک کرسکتا ہے، مشین ہیک کرنے کے لیے ڈھاکنے امبا داس دانوے سے ڈھائی کروڑ کا مطالبہ کر رہا تھا ، بتایا جاتا ہے کہ امبا داس دانوے نے اسے اپنے دفتر پر طلب کیا اس دوران جب ملزم نے ایک لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تو اورنگ آباد پولیس کی اکنامک ونگ نے اسے رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ شیوسینا لیڈر کا کہنا ہے کہ انھیں ملزم کی باتوں پر کوئی اعتبار نہیں تھا، اس لیے اس کے پہنچنے سے قبل ہی پولیس کو اطلاع دیدی گئی تھی، اور پولیس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ملزم کو رقم دی گئی۔