سنبھل: اپوزیشن لیڈر، پانچ ایم پی اور تین ایم ایل اے سمیت ایس پی کا 11 رکنی وفد آج سنبھل میں متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کرے گا۔ سماجوادی پارٹی کا متاثرین کے اہل خانہ میں امداد تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ واضح رہے 24 نومبر کو ضلع میں شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران تشدد ہوا تھا۔ اس میں چار لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ جبکہ 29 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
تشدد کے بعد، سماج وادی پارٹی نے 29 نومبر کو ایک پریس ریلیز جاری کی اور 15 رکنی وفد کے 30 نومبر کو سنبھل کا دورہ کرنے کی جانکاری دی تھی۔ جانکاری کے مطابق، وہاں پہنچ کر تحقیقات کے بعد تشدد کی رپورٹ پارٹی ہائی کمان کو پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پارٹی کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو امداد کا چیک بھی دیا جائے گا۔
سنبھل ضلع انتظامیہ نے 10 دسمبر تک ضلع میں باہری لوگوں کے داخلے پر مکمل پابندی لگا دی تھی۔ جس کی وجہ سے ایس پی کا وفد سنبھل نہیں جا سکا تھا۔ اب پابندی ختم ہونے کے بعد ایس پی کا وفد 30 دسمبر یعنی آج سنبھل پہنچے گا۔ سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر اصغر علی انصاری نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی کا 11 رکنی وفد دوپہر 12:30 بجے سنبھل صدر کے گیسٹ ہاؤس پہنچے گا۔