علی گڑھ:عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ایک پروگرام کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ آراضی و باغات نے کیا جس میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے یونیورسٹی کی میڈیکل کالونی میں بچوں کے پارک کا افتتاح کیا اور وہاں پودے لگا کر وسیع شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔
نعیمہ نے کہا کہ یہ پارک بچوں میں پیڑ پودوں کے تعلق سے بیداری اور ماحولیاتی شعور کو پروان چڑھانے میں مددگار ہوگا۔ یقینا یہ جگہ ان کے اندر فطرت سے جڑاؤ اور ان نعمتوں کی قدر و قیمت کا احساس قوی کرے گی جو قدرت نے ہمیں عطا کی ہیں۔ مہمان اعزازی اے ایم یو کے رجسٹرار محمد عمران اور ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر رفیع الدین نے کہا کہ یہ پارک بچوں میں فطرت اور ماحولیات کے تئیں بیداری پیدا کرے گا۔
مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ممبر انچارج، شعبہ آراضی و باغات پروفیسر ذکی انور صدیقی نے کہا کہ ان کا شعبہ یونیورسٹی کیمپس کو سرسبز و شاداب بنانے اور اسے سجانے سنوار نے کے لئے انتھک محنت کر رہا ہے۔ وسیع و عریض کیمپس میں سینٹینری گیٹ کے آس پاس، سرسید ہاؤس میں بیگم مشرف جہاں روز گارڈن اور تار بنگلہ میں جی 20 گارڈن سمیت کئی مقامات پر پارک بنائے ہیں اور ان کا رکھ رکھاؤ کیا جارہا ہے۔