ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں واقع آزاد میدان میں بنکر برادری کے مطالبات پر آل انڈیا مومن کانفرنس مہاراشٹر شاخ نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔ مومن کانفرنس نے اپنے دو بنیادی مطالبات پر یہ مظاہرہ کیا جس میں پاور لوم بنکروں اور دستکاروں کو ان کے کاروبار مبں استعمال ہونے والی بجلی کے دام کم کر کے 2 روپے فی یونٹ (Unit) کرنا اور مہاراشٹر حکومت کی 1995 کی سابقہ پالیسی کی مطابق ماہانہ 150 روپے فی پاورلوم چارج کیا جانا شامل ہے۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ اب مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے ماہانہ 600 روپے فی پاورلم چارج کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں کاروبار کیلئے کم از کم 3 برس کی مدت تک بغیر سودی قرض دیا جائے۔ بھیونڈی مالیگاؤں دھولیہ شہر میں سبسڈی ختم کر نے کی وجہ سے کئی صنعتیں بند ہوگئی ہیں اور پاورلوم صنعتیں بحران کا شکار ہے ۔کورونا کے بعد سب سے زیادہ کوئی صنعت متاثر ہے تو وہ بھیونڈی مالیگاؤں اور اچل کرانجی کی پاورلوم صنعتیں ہی ہیں۔ اس صنعت سے لاکھوں لوگ روزگار سے وابستہ ہے۔ اس سے بے روزگاری بھی بڑھ گئی ہے۔ اس لئے سرکار کو دوبارہ اس صنعت کی سبسڈی بحال کی جانے چاہئے۔