مراد آباد:آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے ملک کی مختلف ریاستوں میں جاری مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات اور ہجومی تشدد کے خلاف آج مرادآباد کلیکٹرٹ پر مظاہرہ کیا۔ ضلع صدر موحد فرغانی اور شہر صدر وکی رشید کی قیادت میں یہ مظاہرہ کیا گیا ۔اس میں بڑی تعداد میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنان موجود رہے۔ ملک میں ماب لنچنگ، مسلمان اور دلتوں کا استحصال روکنے اور بلڈوزر کی ناجائز کاروائی ختم کرنے کے مطالبات کو لے کر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے ذریعہ صدر جمہوریہ ہندکے نام ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔
مظاہرے سے متعلق معلومات دیتے ہوئے شہر صدر وکی رشید نے بتایا کہ نریندر مودی کی حکومت نے 2022 تک ہندوستان کے سبھی شہریوں کو مکان دینے کا وعدہ کیا تھا مگر حالات اب ایسے ہو گئے ہیں کہ جنہوں نے خود اپنی محنت کے پیسوں سے مکان بنائے ہیں ان کے مکانوں کو بلڈوزر سے توڑا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے ملک کہ مختلف مقامات پر ماب لنچنگ کے حالات پر بھی اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات خراب ہیں اور جگہ جگہ مسلمان اور دلتوں کے ساتھ ماب لنچنگ کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لیے سخت اقدام اٹھائے۔ملک کی عوام میں اپنا بھروسہ پیدا کرے۔