گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا کے ہوائی اڈہ سے آئندہ 26 مئی سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ یہاں سے جانے والے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے لیے گیا ضلع انتظامیہ تیاریوں میں مصروف ہے۔ ساتھ ہی ضلع گیا کے عازمین حج کے لیے ٹیکہ کاری کیمپ کی تاریخ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ دراصل بہار کے مختلف اضلاع میں عازمین حج کی ٹیکہ کاری ہو چکی ہے۔ ضلع گیا کے عازمین حج کی ٹیکہ کاری اب تک نہیں ہوئی ہے، اس حوالہ سے ای ٹی وی بھارت اُردو نے اہتمام کے ساتھ گزشتہ روز خبر شائع کی تھی کہ یہاں ضلع گیا میں ٹیکہ کاری میں تاخیر کا معاملہ پیش ہے۔ گزشتہ سات مئی کو چند عازمین حج کی ٹیکہ کاری کے لیے آناً فاناً جے پی این اسپتال میں کیمپ لگایا گیا تاہم یہ وہ عازمین حج تھے جن کی پرواز گیا امبارکیشن پوائنٹ سے نہیں بلکہ ملک کے دوسرے امبارکیشن پوائنٹ جیسے کلکتہ اور دہلی سے ہونی ہے۔ انہیں ہی کی ٹیکہ کاری ہوئی۔ ان کی کل تعداد 20 تھی جن کی ٹیکہ کاری ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
گیا کے جے پرکاش نارائن ہسپتال میں عازمین حج کی ٹیکہ کاری ہوئی - Haj Pilgrims Vaccinated In Gaya
اس خبر کے اثر میں آج ضلع حج نوڈل آفیسر نے ٹیکہ کاری اور تربیتی کیمپ کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ راہل کمار نے بتایا کہ آئندہ 18 مئی کو ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد ہوگا۔ اس کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمۂ صحت کے ساتھ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے مقرر حج ٹرینروں کو اس کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ضلع کے عازمین حج کو بھی اطلاع فراہم کی جا رہی ہے کہ وہ متعینہ تاریخ میں آکر ٹیکہ لازمی طور پر لگوائیں اور سفر میں اپنے ساتھ لے جائے جانے والے اہم کاغذات میں ایک ' ہیلتھ سرٹیفیکٹ ' حاصل کریں۔ کیونکہ بغیر سرٹیفکیٹ کے وہاں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ساتھ ہی عازمین حج مذہبی امور اور سفر کے تعلق سے جاری گائیڈ لائن کو بھی جاننے کے لیے تربیت اسی دن حاصل کریں۔
انہوں نے تمام عازمین حج سے گزارش کی ہے کہ وہ وقت مقررہ پر نگمتیہ روڈ میں آکر اس کیپ میں لازمی طور پر شرکت کریں۔ واضح ہو کہ گیا ضلع سے اس بار 203 عازمین حج، سفر حج پر روانہ ہوں گے۔ ان میں اب تک 20 عازمین حج کی ٹیکہ کاری ہو چکی ہے۔ جب کہ بقیہ عازمین حج کی ٹیکہ کاری ہونی باقی ہے۔ اس کیمپ میں خود ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن بھی پہنچیں گے اور وہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے عازمین حج کے لیے گیا ایئرپورٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات کے تعلق سے جانکاری فراہم کریں گے۔