کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی میں سندیش کھالی کو لے کر گرما گرمی ہوئی۔ بی جے پی کے چھ رکن اسمبلی بشمول اپوزیشن لیڈر شبھندو ادھیکاری کو پیر کو معطل کر دیا گیا۔ بی جے پی کے ممبران اسمبلی خصوصی ٹی شرٹس پہنے اسمبلی میں نظر آئے۔اس ٹی شرٹ پرسندیش کھالی مظاہرین کی حمایت کی بات کہی گئی تھی۔
اسپیکر بمان بنرجی نے بی جے پی کے ایم ایل اے کی ٹی شرٹ پر اعتراض کیا۔ اسی وقت اپوزیشن اراکین اسمبلی نے ہنگامہ شروع کردیا۔ اسمبلی میں نعرہ بازی شروع کردی۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے منی پور کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے۔ اس کے بعد بی جے پی ممبران اسمبلی ہال سے واک آؤٹ کر گئے۔
مغربی بنگال اسمبلی میں ہنگامے کے باعث حزب اختلاف کے رہنما سمیت 6 بی جے پی ایم ایل ایز کی معطلی کا معاملہ سامنے آیا۔غور طلب ہے کہ بی جے پی کے اراکین اسمبلی سندیش کھالی تنازع کو لے کر بنی خصوصی ٹی شرٹ پہن کر اسمبلی ہال میں داخل ہوئے تھے۔ لیکن اسپیکر نے اس پر اعتراض کیا۔ انہوں نے بی جے پی کے ایم ایل اے سے کہا کہ اسمبلی ہال میں کوئی بھی ٹی شرٹ نہیں پہنی جا سکتی۔ بی جے پی ایم ایل اے کو ٹی شرٹ اتارنی ہوگی۔ اس وقت اپوزیشن لیڈر شبھندو ادھیکاری نے اس کی مخالفت کی۔